ترکیا میں داعش سے تعلق اور معاونت کے الزام میں ۳۰ افراد گرفتار

ترک میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں مختلف شہروں میں تیس کے قریب افراد کو داعشی خوارج سے تعلق اور مالی معاونت کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ان افراد کو میرسین، غازیانٹپ، کوچالی، استنبول اور ازمیر صوبوں سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد میں سے کچھ کے مقدمات کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے جب کہ دیگر زیر تفتیش ہیں۔
گرفتار افراد کے پاس سے خوارج کے پراپیگنڈہ میگزین، رقوم کی مشینیں، اسلحہ، دستاویزات اور دیگر وسائل بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ داعشی خوارج ترکیا کی سرزمین کو مختلف ممالک تک رقوم اور جنگجو پہنچانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، لیکن گرفتاریوں کے تازہ سلسلے سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ دیگر ممالک کی طرح ترکیا میں بھی خوارج کی صفیں جاسوسوں سے پُر ہیں، جس کی وجہ سے ان کی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔